نئی دہلی،23؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک میٹنگ میں سینئر وزرا اور حکام کے ساتھ میٹنگ میں ہندستانی کھلونوں کی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے اور ان کی پوری دنیا میں شناخت بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے کہا کہ ہندستان کھلونے بنانے کا اہم مرکز رہا ہے اور یہاں فنکار ایسے دیسی کھلونے بنانے کے لئے مشہور ہیں جن میں ملک کی ثقافت برقرار رکھتے ہیں اور بچوں کو مہارت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا کام کرتے ہیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہندستانی کھلونا مارکٹ میں بے شمار امکانات ہیں اور خودانحصار ہندستان اسکیم کے تحت مقامی مصنوعات کو فروغ دیکر کھلونا صنعت میں بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ اس با ت پر بھی بات چیت ہوئی کہ کھلونے سماجی تبدیلی کا ذریعہ بن کر کس طرح سے قوم کی آئندہ نسل کو ایک نئی جہت دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بچے کی ذہنیت کو تشکیل دینے میں کھلونوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنگن واڑی مراکز اور اسکولوں میں بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اس پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ نوجوانو ں کو اس طرح کے ڈیزائن تیار کرنے چاہئیں جو قومی اہداف اور حصولیابیوں کے بارے میں فخر کا جذبہ پیدا کریں۔
انہوں نے کہاکہ کھلونے ایک ہندستان اور بہترین ہندستان کے جذبہ کو فروغ دینے کا شاندار ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں ساتھ ہی ان کے ذریعہ اقدار اور ماحول دوست رویہ بھی دکھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور طلبا کے لئے اس سلسلہ میں ایک ہیکاتھن کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔